منگل 16 جون 2026 - 16:50
مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے تحت اساتذہ اور پرنسپل حضرات کے لیے تربیتی ورکشاپ

حوزہ/تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مقصد سے مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی (MES) کرگل کے زیر اہتمام اس کے تمام برانچ اسکولوں کے پرنسپلوں اور اساتذہ کے لیے ایک ہفتہ پر مشتمل اورینٹیشن و ریفریشر ٹریننگ پروگرام کا آغاز 15 جون 2026 کو سید حسین میرواعظ کانفرنس ہال، آئی کے ایم ٹی ٹاور کرگل میں ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرگل، 15 جون: مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی (MES) کرگل نے اپنے تمام برانچ اسکولوں کے پرنسپلوں اور اساتذہ کے لیے 15 تا 20 جون 2026 ایک ہفتہ پر مشتمل اورینٹیشن و ریفریشر تربیتی کورس کا انعقاد کیا ہے۔ اس پروگرام کی افتتاحی نشست سید حسین میرواعظ کانفرنس ہال، آئی کے ایم ٹی ٹاور کرگل میں منعقد ہوئی۔

مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے تحت اساتذہ اور پرنسپل حضرات کے لیے تربیتی ورکشاپ

افتتاحی تقریب میں آئی کے ایم ٹی کرگل کے نائب چیئرمین حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ حسنین رضوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے ذمہ داران اور ایگزیکٹو اراکین بھی موجود تھے۔

کشمیر وادی کے معروف ماہرِ تعلیم اور تربیت کار ڈاکٹر ناصر حسین پیرزادہ اس تربیتی پروگرام میں بطور ریسورس پرسن خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے مختلف برانچ اسکولوں کے سربراہانِ ادارہ اور پرنسپل صاحبان نے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔

مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے تحت اساتذہ اور پرنسپل حضرات کے لیے تربیتی ورکشاپ

اپنے خطاب میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ حسنین رضوی نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی اداروں کی ترقی اور طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھیں اور انہیں احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک معلم نہ صرف علم منتقل کرتا ہے بلکہ نسلوں کی تعمیر اور معاشرے کی تشکیل میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

اس موقع پر مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے چیئرمین نے تمام شرکاء کا خیرمقدم کیا اور ڈاکٹر ناصر حسین پیرزادہ کی ان رضاکارانہ خدمات کو سراہا جو وہ خطے میں تدریسی وسائل اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے انجام دے رہے ہیں۔

مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے تحت اساتذہ اور پرنسپل حضرات کے لیے تربیتی ورکشاپ

افتتاحی سیشن میں ڈاکٹر ناصر پیرزادہ نے قومی تعلیمی پالیسی (NEP-2020) اور قومی نصابی فریم ورک (NCF 2022-23) کا جامع تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں ’’سالانہ تدریسی منصوبہ بندی‘‘ (Annual Pedagogical Plan) کے موضوع پر ایک نہایت مفید اور تعاملی نشست منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

ہفتہ بھر جاری رہنے والے اس تربیتی پروگرام میں سالانہ تدریسی منصوبہ بندی، اسکول بیسڈ اسسمنٹ، ہولسٹک پروگریس کارڈ، تجرباتی تعلیم (Experiential Learning)، کلاس روم ٹرانزیکشن، پروفیشنل لرننگ کمیونٹی، اقدار پر مبنی تعلیم، اکیسویں صدی کی مہارتیں، سائنسی مزاج کی تشکیل اور اسلامی علمی ورثے جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تربیت فراہم کی جائے گی۔

مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے تحت اساتذہ اور پرنسپل حضرات کے لیے تربیتی ورکشاپ

پروگرام کے پہلے دن تمام پرنسپل صاحبان اور شرکاء نے بھرپور جوش و خروش، تجسس اور دلچسپی کے ساتھ تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ شرکاء کی سہولت کے لیے نماز کے اوقات اور مناسب طعام و ریفریشمنٹ کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

منتظمین کے مطابق اس تربیتی پروگرام کا مقصد اساتذہ اور تعلیمی منتظمین کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مؤثر تدریسی قیادت کو مضبوط بنانا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha